اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے برطانیہ کو خط لکھیں گے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے علاج سے متعلق کوئی رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع نہیں کرائی، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا وقت آپہنچا ہے۔
اپن بات جاری رکھتے ہوئے حکومتی ترجمان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی رپورٹ کے بعد اب وفاقی حکومت آئندہ ہفتے برطانوی حکومت کو خط لکھے گی، جس میں نواز شریف کو برطانیہ سے ڈی پورٹ کرکے واپس پاکستان بھیجنے کی استدعا کی جائے گی۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اس قوم اور ملک سے احساس کا رشتہ ہے، وہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں، انہوں نے گندم ، چینی اور آٹے کے مصنوعی بحران کی خود مانیٹرنگ کی۔ عوام کی تکلیف کے ازالے کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت توقع رکھتی ہے کہ اس کمی کے باعث دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔عوام کا درد رکھنے والے اپوزیشن لیڈر لندن کے بجائے پاکستان آکرعوام کادرد بانٹیں کیوں کہ عوام کا درد رکھنے والے سیرو تفریح کے بجائے عوام میں موجود ہوتے ہیں۔
قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے امریکا طالبان معاہدے سے متعلق کہا کہ افغان امن معاہدہ عمران خان کے نظریے کی تائید ہے، انہوں نے ہمیشہ یہی کہا کہ مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار سنہری حروف میں لکھے جانے کے لائق ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افغان بھائیوں نے جنگ کے باعث تکلیفیں اٹھائیں،امن و استحکام ان کا حق ہے، افغانستان میں امن پورے خطے کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔
Comments are closed.