اسلام آباد/ لاہور: کورونا وائرس کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کر دیئے گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کی فرنچائز مالکان کے ساتھ اہم ملاقات کی، جس میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے باقی میچز ملتوی کر دیئے جائیں۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے باقی میچز ملتوی کر دیئے گئے ہیں، کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں بہتری کے بعد یہ میچز دوبارہ کرائے جائیں گے، تاہم فی الحال پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل نہیں ہوں گے۔
غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات کے باعث پی ایس ایل ملتوی کیا گیا، وسیم خان
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کورونا پوری دنیا کو متاثر کررہا ہے تو کرکٹ بہت چھوٹی بات ہے، پی ایس ایل مکمل کرانے اور اس سے منسلک تمام لوگوں کے تحفظ کے لیے بہت اقدامات کیے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے وابستہ لوگوں اور عوام کے تحفظ کے لیے میچ بھی کم کیے۔ ہم نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کا آپشن دیا، آج میچز کھیلنے کے لیے تیار تھے، چاروں ٹیمیں تیار تھیں اور فرنچائز نے بھی کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات ہیں، مشتبہ کھلاڑی کاپتہ چلنے کے بعد پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، جس کا مقصد کھلاڑیوں اور آفیشلز کا تحفظ ہے، غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس جاچکا ہے، مشتبہ کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔ حالات بہتر ہوں گے تو فرنچائزز سے بات چیت کے بعد مقابلے ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے آج لاہور میں دو سیمی فائنلز ہونا تھے، پہلے سیمی فائنل میں پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان دو بجے ٹاکرا ہونا تھا، جب کہ شام سات بجے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز میں فائنل تک رسائی کے لئے مقابلہ ہونا تھا۔
Comments are closed.