اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے باعث اومان، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا نے پاکستانی شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔
پاکستانی نژاد کینیڈین، امریکی شہری اور سفارتی عملہ ہی پاکستان سے کینیڈا کا سفر کر سکے گا، سیاحتی، کاروباری ویزہ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کا کینیڈا میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔اسی طرح اومان نے بھی پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
متحدہ عرب امارت نے بھی پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے ایسے شہریوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا ہے جن کے پاس پیپر ویزہ ہو گا۔ صرف پاسپورٹ پر ثبت شدہ (اسٹکر) ویزہ رکھنے والے افراد یو اے ای میں داخل ہو سکیں گے۔
ملائیشیا نے بھی پاکستان سمیت کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں، سیاحتی، کاروباری ویزہ رکھنے والوں کا ملائیشیا میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی صرف ملائیشین شہریت اور سفارتی اجازت نامے رکھنے والے ہی افراد ملائیشیا داخل ہو سکیں گے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث مختلف ممالک کی جانب سے سفری پابندیوں کے باعث پی آئی اے کا آپریشن محدود کر دیا ہے، قومی ایئر لائن کی انتظامیہ نے سیاحتی و کاروباری ویزہ پر سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے مسافروں کو ٹکٹس تبدیل کرانے کی ہدایت کی ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو درپیش دشواری کیلئے قومی ایئر لائن معذرت خواہ ہے مگر پابندیوں پر پی آئی اے کا اختیار نہیں، معلومات کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کال سنٹر سے رابطہ کریں۔
Comments are closed.