کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فرض کے طور پر انجام دیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا،کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس شرکت کے بعد آرمی چیف نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد میں تیزی لانے کے احکامات جاری کیے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انفرادی طور پر کورونا وائرس سے اپنا بچاؤ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، انفرادی طور پر کیا جانے والا ہر حفاظتی اقدام اہمیت کا حامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تا کہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پرعمل کرے۔ ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور اس کا عملی مظاہرہ چین نے کر کے دکھایا ہے، پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس زمہ داری کو ادا کرے گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے۔ انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا۔ اس میں ہی قومی کامیابی ہو گی۔

Comments are closed.