فٹبالر میسی نے اسپین اور رونالڈو نے پرتگال کے اسپتالوں کیلئے 10،10 لاکھ یوروز عطیہ کردیئے

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں دنیا بھر کے فٹبالرز بھی میدان میں آ گئے ہیں اور عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو نے اسپین اور پرتگال کے اسپتالوں کیلئے لاکھوں یوروز کے عطیات کا اعلان کیا ہے۔

اسپین کے شہر بارسلونا کے اسپتال کے مطابق بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے ارجنٹائن کے مشہور اسٹار لیونل میسی نے ان کے ہسپتال کو 5 لاکھ یوروز عطیہ کیے ہیں جب کہ ایک اور ہسپتال کو بھی اتنی ہی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور کلب مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیولا نے بھی اسپین کے لیے 9 لاکھ 20 ہزار یوروز عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ اسپین دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے اور اب وہاں ہلاکتیں چین سے بھی تجاوز کر چکی ہیں۔ اسپین میں اب تک 3 ہزار 434 افراد ہلاک اور 47 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔ جب کہ میسی کے آبائی ملک ارجنٹائن میں اب تک 300 کیسز اور 6 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عالمی شہرت اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے ایجنٹ نے اپنے آبائی ملک پرتگال کے تین ہسپتالوں کے لیے مشترکہ طور پر 10 لاکھ یوروز عطیہ کردیے ہیں۔ پرتگال میں اب تک 2 ہزار 300 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 30 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس نے چین کے شہر ووہان سے جنم لیا تھا جس سے یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ یکساں طور پر متاثر ہوئے اس عالمی وباء کے نتیجے میں دنیا بھر میں اب کم از کم 19 ہزار 675 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Comments are closed.