اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سی این جی کی قیمت میں بھی 9 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی۔ حکومت نے اپریل میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق سی این جی کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر کی کمی کر دی گئی ہے،پنجاب اور اسلام آباد میں آر ایل این جی پر چلنے والے اسٹیشنز پر سی این جی کی نئی قیمت تقریبا 84.50 فی لٹر ہوگی ہے۔
غیاث پراچہ نے کہا کہ یہ فیصلہ ملکی کرائسز اور تیل کی قیمتوں میں عالمی کمی کے مد نظرکیا گیاہے، آرایل این جی کی قیمت برینٹ کی عالمی قیمت کے تین ماہ کی اوسط پرہوتی ہے، جس کا فرق ہمیں یکم اپریل کو ملنا تھا لیکن کرائسز میں اپنے صارفین کی پریشانی میں کمی کیلئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے امید ہے کہ اگر حالات نے اجازت دی تو ہم یکم اپریل کو قیمتوں میں مزید کمی کریں گے۔
چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخواہ اور سندھ میں بھی سی این جی قیمتوں میں کمی کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں حکومت سے بات چیت چل رہی ہے امید ہے کہ جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔
دوسری جانب ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اپریل کے مہینے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 مارچ والی سطح پر برقرار رہیں گی اور یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی قسم کی کمی یا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔اپریل میں پٹرول کی قیمت 96 روپے 58 پیسے، ڈیزل 107 روپے 25 پیسے، مٹی کا تیل 77 روپے 45 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 51 پیسے فی لٹر بر قرار رہے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے احکامات پر پچیس مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی گئی تھی پٹرولیم ڈویژن حکام کے مطابق کرونا وائرس کے باعث پٹرول کی طلب میں چالیس فیصد جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 50 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔
ادھر حکومت نے بجلی صارفین کو بلوں کی ادائیگی پر ریلیف دیتے ہوئے ادائیگی کی تاریخ میں سات اپریل تک توسیع کردی گئی، پاور ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین سات اپریل تک بل ادا کرسکتے ہیں۔ بجلی صارفین پر لیٹ پیمنٹ سرچارج عائد نہیں کیا جائے گا، نوٹی فیکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے باعث بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
Comments are closed.