اسلام آباد: دنیا بھر میں تباہی مچانے والی وباء کورونا کا پاکستان میں بھی پھیلاؤ جاری ہے، ملک میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سات ہزار تین سو سے تجاوز کر گئی، جب کہ 1ہزار 765 افراد صحت یاب اور 137 اموات ہو چکی ہیں۔
عالمی وباء کے ہر روز نئے کیسز اور اموات سامنے آرہی ہیں، آج آنے والے نئے کیسز کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 7 ہزار 381 ہوگئی جبکہ گزشتہ 2 روز سے کورونا کے باعث اموات کی شرح میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے اور ایک روز میں 17 اموات تک ریکارڈ کی گئی ہیں۔
پاکستانیوں کے لیے رواں ماہ کورونا وائرس کے حساب سے کافی تشویش ناک دیکھا جارہا ہے کیونکہ اپریل کے صرف 17 دنوں میں 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ اموات بھی 100 سے زائد ہوئی ہیں۔کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن میں بھی 30 اپریل تک توسیع کی جاچکی ہے۔
سندھ میں جمعہ کو بھی مزید 209 کیسز اور 2 اموات کی تصدیق کی گئی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں 21 ہزار 278 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جس میں مثبت آنے والوں کی تعداد 2 ہزار 217 ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 372 کیسز کیے گئے جس میں 209 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ساتھ ہی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صوبے میں مزید 2ا فراد کے انتقال سے اموات کی تعداد 47 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد سندھ میں شفایاب افراد کی تعداد 581 تک پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 115 کیسز اوردو اموات کی تصدیق کی گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیصر آصف کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 25 کیسز سے متاثرین کی تعداد 3391 تک پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 30 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 335 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ان 9 کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 145 سے بڑھ کر 154 ہوگئی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 8 نئے مریض سامنے آئے۔ جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 237 سے بڑھ کر 245 تک پہنچ گئی ہے۔
Comments are closed.