عمران خان اور صدرٹرمپ میں رابطہ: کورونا کی صورتحال، افغان امن عمل سے متعلق تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے کورونا وباء کے باعث دنیا کو درپیش چیلنجز، بین الاقوامی معیشت پر اس کے اثرات، افغان امن عمل سمیت دیگر عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے کورونا وباء کے باعث دنیا کو درپیش چیلنجز، بین الاقوامی معیشت پر اس کے اثرات اور ان سے بچاؤ کے حوالے سے بات چیت کی۔

وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ نے علاقائی معاملات اور پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جب کہ وزیراعظم خان نے کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ہونے والی بھاری جانی نقصان پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ پاکستان کو اس وقت دو طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک طرف کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے تو دوسری طرف لاک ڈاؤن میں ملک کے غریب طبقے کو بھوک سے بچانے کی تگ و دو میں مصروف ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثرہ کاروباری افراد اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے 8 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر فورمز پر صدرٹرمپ کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کو عالمی وباء کے باعث مالی مشکلات کے حل میں مدد ملےگی۔ وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضوں میں ریلیف سے متعلق عالمی اقدام اٹھائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

علاقائی امور پر بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ثابت قدمی کے ساتھ پرامن اور مستحکم افغانستان کے لئے کوششیں کی اور افغان مسئلہ کا حل سیاسی مذاکرات  میں ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا جس کی بدولت اگلے مرحلے میں بین الافغان مذاکرات شروع ہوں گے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ٹیلی فونک رابطے اور کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے امریکی کوششوں کی حمایت کو سراہا، صدر ٹرمپ نے یقین دلایا کہ امریکا پاکستان میں عالمی وباء پر قابو پانے وینٹی لیٹرز کی دستیابی اوراقتصادی شعبے میں تعاون سمیت ہر ممکن مدد کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ سے متعلق علم ہونے پر امریکی صدر نے کورونا وائرس کا فوری ٹیسٹ کرنے والی جدید ٹیسٹنگ مشین بھجوانے کی پیشکش کی جس پر وزیراعظم عمران خان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.