راولپنڈی: کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے پاک فوج کے دستے سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ سرگرم عمل ہیں، جوانوں کی تنخواہوں سے جمع ہونے والے عطیات سے ملک بھر کے پسماندہ علاقوں میں ساڑھے تین لاکھ امدادی پیکجز تقسیم کیے گئے ۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے پاک فوج کے دستے سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں، ریلیف سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پاک فوج کی جانب سے امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورونا سے متاثرہ علاقوں میں 3لاکھ 50 ہزار فوجی امدادی پیکجز تقسیم کیے جا چکے ہیں،امدادی پیکجز کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی اشیاء پر مشتمل ہیں، یہ امدادی سامان فوجی افسروں و جوانوں کی تنخواہوں سے دیئے گئے عطیات کی رقم سے خریدا گیا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کی جانب یہ امدادی سامان چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوں کے معذوروں، محنت کشوں، بیواؤں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔
Comments are closed.