لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کورونا وباء کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیاربنا چکی ہے۔ یہ مسلمانوں اورکشمیریوں سے نفرت کی گھناؤنی سوچ کا مظہر ہے۔
میاں شہباز شریف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر قبضہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی قوانین کے لئے کھلا چیلنج ہے۔ نہتے کشمیری عوام اپنے بنیادی حق استصواب رائے کا وعدہ پورا ہونے کے انتظار میں آئے روز جام شہادت نوش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ 5 اگست 2019ء سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کی بربریت اور ظلم کا ایک نیا بھیانک دور شروع ہوا۔ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن اور دیگر غیرانسانی پابندیاں اور عالمی قانون کی صریحاً خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارتی ظلم واستبداد کا آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کی جرات اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جائیدادیں ہتھیائی اور ریاستی دہشت گردی سے زندگیاں چھینی جارہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے کورونا وبا پھیلنے کی اطلاعات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ مقبوضہ وادی میں اب تک 500 سے زائد کورونا متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کورونا کو کشمیریوں کی نسل کشی کا ہتھیار بنا چکی ہے۔ یہ مسلمانوں اورکشمیریوں سے نفرت کی مودی کی گھناؤنی سوچ کا مظہر ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔
Comments are closed.