حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لٹر کرے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لٹر کرے۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جارہا، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پر پاکستان نے تیل نہیں خریدا جس کی سزا اور خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عالمی منڈی سے انتہائی کم قیمت پر تیل نہ خریدنا حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نالائقی ہے، 47 روپے فی لٹر پٹرول دینے کا وعدہ کرنے والے آج صارفین کو ان کا حق دینے پر تیار نہیں، پٹرول اور ڈیزل 50 روپے فی لٹر کرنے سے معاشی صورتحال میں بھی بہتری آسکتی ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے سے آٹا، دال، گھی، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہوسکتی ہیں، حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لٹر کرے۔

Comments are closed.