پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد صوبائی حکومتیں مہنگائی میں کمی یقینی بنائیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے بعد صوبوں کو مہنگائی میں کمی لانے کے لئے ہنگامی اقدامات اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کے لئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ثمر عام افراد تک پہنچایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آئل پرائسز بڑھنے پر بلا تاخیرمہنگائی کی جاتی رہی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوری کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کے لئے ہر صورت قیمتیں کم کروائیں پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود جو شعبے عوام کو ریلیف نہیں دیتے ان کی نشاندہی کی جائے، اور قیمتوں میں کمی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

Comments are closed.