اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں اعتماد پیدا کرنے سے کورونا وباء کی صورتحال میں نمایاں بہتری آسکتی ہے، متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے اور خوف کا موجب بنتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیروان برکی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیرصحت خیبر پختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا اور سینئر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
صوبائی وزراء صحت نے صوبوں میں کورونا وائرس کی صورتحال سے شرکا ء کو آگاہ کیا وزیراعظم کے فوکل پرسن کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل نے ملک بھر کی کورونا صورتحال پر بریفنگ دی۔ شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔
عمران خان کاکہنا تھا کہ عوام اگر کورونا وائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلاخوف ٹیسٹ کے لئے رجوع کریں۔ عوام میں آگاہی مہم شروع کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں اور اس حوالے سے جلد ایک حکمت عملی وضع کی جائے۔
وزیراعظم نے کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے اور خوف کا موجب بنتا ہے۔ عوام اگر کوروناوائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کے لیے رجوع کریں۔
عمران خان نے عوام میں غیرضروری ہچکچاہٹ اور خوف کے تاثر کو زائل کرنے کے حوالے سے ایک جامع اور بھرپور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کیلئے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور اس کے لئے جلد ایک مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
عمران خان نے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کم شرح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی پاکستان میں حالات دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت قابو میں ہیں۔ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں اعتماد اجاگر کرنے سے وبائی صورتحال میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
Comments are closed.