اسلام آباد: بیرون ممالک سے وطن واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کے لئے ایک اہم خبر یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے واپس آنے والے پاکستانیوں کیلئے 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صوبوں کی مشاورت سےبیرون ملک سے آنے والوں کیلئے پالیسی میں تبدیلی کی ہے، وطن واپس آنے والوں کے ٹیسٹ کیلئے48 گھنٹے قرنطینہ میں انتظار کی شرط ختم کی جارہی ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے معید یوسف کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کا واپس پہنچتے ہی کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا، ٹیسٹ کے نتیجے کے بعد طبی ماہرین فیصلہ کریں گے کہ کون گھر جائے اور کون نہیں۔
معاون خصوصی معیدیوسف نے کہا کہ اب تک بیرون ملک سے آنے والوں کو کورونا ٹیسٹنگ سے قبل 48 گھنٹہ قرنطینہ میں رکھا جاتا تھا، لیکن اب یہ شرط ختم کرکے بیرون ملک سے آنے والوں کا ٹیسٹ جلدازجلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبوں کو 24 گھنٹے میں ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
معیدیوسف نے بتایا کہ جن مسافروں کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو ان کے لیے لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی، منفی رپورٹ کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں ہی 14 دن کے لیے خود کو قرنطینہ کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ٹیسٹ مثبت آنے تاہم حالت خراب یا علامات ظاہر نہ ہونے پراگر ماہرین کی رائے یہ ہوئی کہ انھیں گھر پر رکھا جا سکتا ہے، تو ایسے لوگوں کو بھی گھروں میں ہی قرنطینہ کیاجائے گا۔ اگر مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت ہوا اور علامات بھی زیادہ شدید ہوں تو لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا۔
Comments are closed.