اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث بیرون ممالک پھنسے ہم وطنوں میں سے 11 ہزارسے 12 ہزار پاکستانیوں کو ایک ہفتے میں واپس لایا جائے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک بیرون ملک پھنسے 23 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جاچکا ہے۔ ہم نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت فوری طور پر مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور ٹیسٹ کے لیے 48 قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
معید یوسف نے کہا کہ حکومت اب ایک ہفتے میں کورونا وائرس کے باعث بیرون ملک پھنسے 11 ہزار سے 12 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی میں تبدیلی سے وطن پہنچنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ میں اضافہ ہوگا۔
معاون خصوصی برائے قومی سلامتی نے کہا کہ 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ہے لیکن وطن واپس آنے والے افراد کو ایک یا 2 دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا کیونکہ ہم اب لیبارٹریز کی صلاحیت بڑھارہے ہیں تو مسافروں کو انتظار کرنا پڑے گا۔
Comments are closed.