اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لاک ڈاوَن کھولنے سے پہلے موثر حکمت عملی بنائی جاتی تو کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ نہ ہوتا۔
شہباز شریف نے ملک میں کورونا سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے موثر حکمت عملی مرتب کرنا چاہئے تھی، اب بھی مزید وقت ضائع کیے بغیر حکومت ہمہ جہت جامع قومی حکمت عملی بنائے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلاکرحالات کا جائزہ لیا جائے اور تازہ ترین حالات کو دیکھتے ہوئے ازسرنو حکمت عملی کا تعین کیا جائے۔ پچھتانے، ہاتھ ملنے اور تقدیر کا لکھا کہنا کوئی پالیسی نہیں، قوم کو بتایا جائے کہ اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت کی اس کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے؟
شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ بہترین تدابیر سے نقصانات کم کئے جاسکتے ہیں، وقت تیزی سے گزر رہا ہے، حالات کے مطابق متعلقہ پہلوؤں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے،عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جارہے ہیں۔
Comments are closed.