کورونا کے وار جاری۔۔ پاکستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئی

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں، خطرناک وائرس کے تیزی بڑھتے کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، ملک کے مجموعی کیسز کی تعداد چین کے متاثرین سے بھی زیادہ ہوگئی۔

اب تک پاکستان میں سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 85 ہزار 781 ہوچکی ہے جبکہ 1ہزار 721 افراد اس وباء کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں آج نئے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2534 ہے جب کہ مزید 62 اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے اس وائرس کا آغاز ہوا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا تک پھیل گیا اور چین میں اس کے کیسز کی مجموعی تعداد 84 ہزار 160 ہے۔

پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا، 26 فروری سے 31 مارچ تک ایک ماہ سے زائد عرصے میں ملک میں کیسز کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی کہ اس وباء سے 26 اموات ہوئیں۔

اپریل 2020 میں خطرناک وائرس کے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ کے عرصے میں کورونا متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں،تاہم صرف مئی میں صورتحال تشویشناک حد تک بگڑ گئی۔

ایک ماہ میں مزید 54 ہزار افراد اس وباء کا نشانہ بن گئے اور یہ مریضوں کی تعداد 71 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ مزید 1100 سے زائد اموات نے اس تعداد 1520 تک پہنچا دیا۔ جون کا آغاز بھی کچھ اسی طرح کی صورت حال سے ہوا تاہم گزشتہ 3 دنوں کے دوران 12 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جبکہ 200 سے زیادہ لوگ زندگی کی بازی ہار گئے۔

نئے اعداد و شمار کے حوالے سے اگر صوبوں کے حساب سے بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 517 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں مزید 21 افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ نئے 517 کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 890 ہو گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں مزید 21 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 521 ہو گئی ہے۔ صوبے میں مزید 71 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہین جس کے بعد وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3ہزار 221 ہو گئی ہے۔

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید 1ہزار 615 نئے کیسز اور 37 اموات ریکارڈ ہوئیں، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1615 نئے کیسز آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار 104 ہوگئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں مزید 37 اموات رپورٹ ہوئیں جس سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 607 تک پہنچ گئی۔مزید برآں پنجاب میں اب تک 7 ہزار 712 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 59 ہزار 254 کا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس سے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک تھا اور وہاں بھی کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ سرکاری سطح پر قائم کی گئی ویب سائٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 356 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 4 نئی اموات واقع ہوئیں۔

جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار188 سے بڑھ کر3 ہزار 54 ہوگئی جب کہ اموات بھی 34 سے بڑھ کر 38 تک پہنچ گئیں۔دوسری جانب گلگت بلتستان کی صورت حال ہے جہاں کیسز کی تعداد گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں زیادہ نظر آرہی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 45 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔جس کے بعد اب تک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 779 سے بڑھ کر 824 ہوگئی ہے۔ادھر آزاد کشمیر میں 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے ایک نئے کیس کے بعد مجموعی متاثرین 284 سے بڑھ کر 285 ہوگئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1ہزار 205 کورونا مریض صحت یاب ہوگئے۔جس کے بعد اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر اس بیماری کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 28 ہزار 923 سے بڑھ کر 30 ہزار 128 ہوگئی۔

Comments are closed.