مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ریاستی جبرحد سے بڑھ گیا، مزید4 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 4 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے نیپورہ اور ضلع اسلام آباد کے علاقے لالن میں نام نہاد تلاشی و محاصرہ آپریشن کے نام پر کارروائیاں کیں، اس دوران ریاستی جبر کا بازار گرم کیے رکھا۔

کے ایم ایس کے مطابق سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چاردیواری کا تقش پامال کیا گیا اور لوگوں کو بلاوجہ ہراساں کیا گیا، جب کہ علاقے میں حالات  کی معلومات کشمیر سمیت دنیا بھر کے مختلف علاقوں تک پہنچنے سے روکنے کے لیے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت معطل کردی ہے۔

بھارتی فوج نے نیپورہ اور لالن میں 2،2 نوجوانوں کو بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ ان علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں جب کہ نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کو طاقت سے روکنے کے لیے فوجی اہلکاروں، نیم فوجی دستوں اور کٹھ پتلی پولیس کی بھاری نفری تعینات کیے رکھے۔

Comments are closed.