پاکستان میں کورونا ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی،20 شہروں کے متعدد علاقے سیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک کے 20 شہروں میں وائرس پھیلاؤ کے مختلف مقامات کی نشاندہی  پر متعدد علاقے سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اجلاس میں کورونا وباء کی موجودہ صورتحال اور حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا گیا، این سی او سی نے اسمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے تحت ملک بھر کے 20 مقامات کو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، سوات، حیدرآباد، سکھر، سیالکوٹ، گجرات، گھوٹکی، لاڑکانہ کے مختلف مقامات کورونا کے پھیلاؤ کے مراکز کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ خیرپور، ڈی جی خان، مالاکنڈ اور مردان کے مختلف علاقے بھی کورونا سے بہت زیادہ متاثر قرار دیے گئے ہیں جب کہ اسلام آباد میں جی نائن، ٹو، تھری سیل کردیے گئے اور کراچی کی ایک کمپنی بھی 300 سے زیادہ کیسز آنے پر سیل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں آئی ایٹ، آئی ٹین، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی سکس، جی سیون بھی نئے ہاٹ اسپاٹ بن گئے، ان نئے ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ جاری ہے جو کبھی بھی سیل کئے جا سکتے ہیں۔

Comments are closed.