بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کیلئےاچھی خبر۔۔۔ حکومت کا انٹرنیشنل فلائٹس بحالی کا فیصلہ

محمد عمر جاوید

اسلام آباد: کورونا وباء کے باعث بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کے اچھی خبر یہ ہے کہ حکومت نے تارکین وطن کی محفوظ واپسی یقینی بنانے کے لئے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری (زلفی بخاری) نے تارکین وطن کو درپیش مسائل کے پیش نظر بین الاقوامی ایئرلائنز کے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دو لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں اور شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں، دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے، وفاقی کابینہ انٹرنیشنل فلائٹس کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

ذرائع نے نیوزڈپلومیسی کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہم وطنوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے غیر ملکی ایئرلائنز کی فلائٹس بحالی کے لئے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی، بین الاقوامی پروازوں کی بحالی مرحلہ وار ہوگی۔

 ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کیلئے پروازیں بحال کی جائیں گی، سب سے پہلے بیروزگارہونے والے مزدوراورمحنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا، خلیجی ممالک سے تارکین وطن محفوظ واپسی کے بعد اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی ہمارے دل کے قریب ہیں، ان کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث لاکھوں پاکستانی روزگار سے محروم ہوئے جس کا بہت دکھ ہے، ہم وطنوں کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہیں۔

1 Comment
  1. casinocommunity says

    It’s too bad to check your article late. I wonder what it would be if we met a little faster. I want to exchange a little more, but please visit my site casinocommunity and leave a message!!

Comments are closed.