اسلام آباد: قدرتی آفات کی صورت حال سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ رواں برس مون سون کے دوران شہروں میں سیلاب کے امکانات زیادہ ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل محمد افضل نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ملک میں پری مون سون کی تیاریوں سے متعلق بتایا، ان کا کہنا تھا کہ ہر سال مون سون کی بارشوں کے باعث سیلاب کا خطرہ رہتا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر آؤٹ برسٹ سے بھی نقصانات ہوتے ہیں، کورونا وائرس کی وبا ،ٹڈی دل کی صورتحال میں آنے والا مون سیزن ایک مربوط حکمت علی کا تقاضا کررہا ہے، ہمیں روائتی تیاری کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا مزید کہنا تھا کہ اس بار شہروں میں سیلاب کے امکانات زیادہ ہیں، کراچی، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ خبردار کرنے کے لئے پیشگی اطلاع کے ساتھ ساتھ مقامی مقامی اداروں کی سطح پر تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے قومی سطح پر ایک ہنگامی پلان بنایا ہے انہوں نے قدرتی آفات کی صورت حال سے نمٹنے کے صوبائی اداروں (پی ڈی ایم ایز) کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل محمد افضل نے کراچی، گجرانوالہ، راولپنڈی، حیدر آباد اور لاہور کے متعلقہ حکام کو نالیوں کی صفائی سمیت دیگر ضروری اقدامات کرنے کی بھی درخواست کی۔
Comments are closed.