ملک واپسی کے خواہشمندتارکین وطن کا انتظار ختم، پاکستان سےانٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بحال

اسلام آباد: بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، پاکستان سے انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا۔

ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق آج رات بارہ بجے کے بعد سے تمام بین الاقوامی ایئرلائنز کو فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔ وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں گوادر اور تربت کے علاوہ پاکستان کے تمام ایئرپورٹس سے انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن بحال کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء کی صورتحال میں بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کی بحالی ضروری اقدامات اور پابندیوں سے مشروط ہے اس حوالے سے تمام متعلقہ حکام صحت کے اصولوں پرعملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

مزید برآں خصوصی، سفارتی پروازوں اور کارگو جہازوں کی آمد و رفت طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پاکستان آنے جانے کی اجازت ہوگی، تمام ایئرلائنز کے ساتھ ضروری حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد لازم ہوگا۔

Comments are closed.