میران شاہ: وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان دوبارہ پرائی جنگ نہیں لڑے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو شمالی وزیرستان میں سماجی و ترقیاتی منصوبوں اورعارضی طور پر بے گھر افراد کی بحالی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
میران شاہ میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا ایک مسلط کی گئی جنگ میں بہت نقصان ہوا ہے۔ پاکستانی افواج اور انٹیلی جنس نے بہادری سے یہ جنگ لڑی اور قبائلی عوام نے جوانمردی سے حالات کا سامنا کیا ہے مگر اب پاکستان کسی اور کی جنگ نہیں لڑیں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دیر پا امن کے لیے افغانستان میں امن چاہیے اس لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر امن عمل کو آگے بڑھایا جائے گا اور افغانستان میں امن کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے علاقے میں کیڈٹ کالج کے قیام اور قبائلی نوجوانوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ملازمتیں دینے کا بھی اعلان کیا۔


Comments are closed.