اسلام آباد: پاکستان میں حکومت کی تمام ترکوششوں کے باوجود کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، بدھ کے روز تین ہزار سے زائد افراد اس خطرناک وائرس کا شکار ہوئے جب کہ اس وباء نے مزید 68 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے۔
ملک بھر میں مزید 3084 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 15 ہزار 625 تک پہنچ گئی، جب کہ ایک دن میں 68 کورونا مریض جاں بحق ہونے سے اس وباء کے باعث اب تک ہونے والی اموات 4424 ہو گئیں۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کی کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے جہاں پر اب تک 86 ہزار 795 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پنجاب میں صورتحال زیادہ مختلف نہیں وہاں پر کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 76 ہزار 262 تک پہنچ چکی ہے۔
اسی طرح خیرپختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد 26 ہزار 938 جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 912 افراد اس خطرناک وباء کا شکار ہو چکے ہیں، بلوچستان میں 10 ہزار 476 کورونا مریضوں کی تصدیق کی گئی، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 489 اور آزاد کشمیر میں 1 ہزار 93 افراد کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئے۔
پاکستان میں کورونا پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ حوصلہ افزاء امر صحت یاب ہونے والے کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہے، اس وقت پاکستان میں 1 لاکھ 802 افراد خطرناک وائرس کو شکست دے کر صحت یا ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.