بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے، سید علی گیلانی

مودی سرکار اپنی گھناﺅنی حرکتوں سے پاک کشمیر رشتوں کو متزلزل نہیں کرسکتی،بزرگ حریت رہنما

سری نگر: بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی گھناونی حرکتوں کے ذریعے پاکستان اور جموں و کشمیر کے درمیان موجود مضبوط رشتوں کو ہرگز متزلزل نہیں کرسکتا۔ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری  اپنے تازہ  بیان میں یہ بات زور دے کر کہی کہ کشمیر اور پاکستان کے تعلقات کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے۔ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

سید علی گیلانی نے قبل ازیں اپنے ایک ٹویٹ میں اپنے خلاف بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزادی کی جدوجہد سے وابستگی ان کے لہو میں شامل ہے اور زمین پر کوئی ایسی طاقت موجود نہیں جو انہیں ہزاروں کشمیری شہداءکے کاز کے تحفظ سے روک سکے جنہوں نے آزادی کے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے مقبوضہ وادی پر قابض بھارت سے آزادی کے علم بردار کثیر الجماعتی اتحاد حریت کانفرنس سے  سید علی گیلانی نے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم انھوں نے کہا واضح کیا تھا کہ وہ ’بھارتی استعمار‘ سے تاحیات برسرِ پیکار رہیں گے۔

Comments are closed.