مقبوضہ کشمیر میں 2 بھارتی فوجیوں کی خودکشی، بھارتی افسر ماتحت کے ہاتھوں قتل

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کے اہلکاروں میں خودکشی کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، مقبوضہ وادی میں دو الگ الگ واقعات میں دو بھارتی فوجیوں نے خودکشی کرلی جبکہ ایک افسر اپنے ہی ماتحت اہلکار کے ہاتھوں ماراگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی ساشاسترا سیما بل کے ایک اہلکار نے ضلع کولگام میں اپنے ساتھی اے ایس آئی سندیپ کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ کانسٹیبل ہیمنت اپنی سرکاری رائفل سے اے ایس آئی پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

کے ایم ایس کے مطابق اہلکار نے افسر کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مارلی، دونوں موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایک اور واقعے میں ضلع بارہمولہ کے علاقے بونیار اڑی میں بھارتی فوج کی226 فیلڈ یونٹ کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی۔ ادھر سرینگر کے علاقے پنتھہ چھوک میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوگیا۔

Comments are closed.