اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر غریب عوام کیلئے سستے گھروں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزرا، صوبائی چیف سیکرٹریز اور بینک حکام بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم کو سستے گھروں کے لئے قرضوں کے معاملے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سستے گھروں کے منصوبے میں تیزی آنے والی ہے، اس کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔
عمران خان نے امید ظاہر کی کہ سستے گھروں کے منصوبے سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے جبکہ پاکستان کی اکانومی دوبارہ مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سستے گھروں کے تعمیراتی کام سے 17 صنعتیں فوری بحال ہو جائیں گی۔دوران اجلاس وزیراعظم کو بینکوں نے ہاؤسنگ قرضوں کا پلان پیش کیا اور بتایا کہ سرمایہ کاری بڑھنے سے کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس نے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کیلئے 33 ارب روپے سبسڈی کی منظوری دی تھی۔ اس سال 4.77 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ وزارت خزانہ 3 سے 10 مرلے کے چھوٹے گھروں کی تعمیر پر سبسڈی دی جائے گی۔
Comments are closed.