مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے کیخلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال ، احتجاجی مظاہرے ہوں گے

دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھی تہاڑ جیل کی ”سزا“ وارڈ میں منتقل

سری نگر: جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف وادی پھر میں جمعہ کو مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جس کا مقصد بھارت اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام اپنی سرزمین پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو مسترد کر تے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے ہڑتال کی کال مقبوضہ کشمیر کی علاقائی سالمیت اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے دی ہے۔ ہڑتال کا مقصد لوگوں ،خاص طور پر جو فوجی کیمپوں کے قریب رہائش پذیر ہیں کو ان کی زمینوں سے زبردستی بے دخل کرنے ، قبضے میں لے جانی والی زمینوں پر راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے غنڈوں کیلئے 2لاکھ گھروں کی تعمیر کے بھارتی حکومت کے منصوبے اور حالیہ دنوںکے دوران ہزاروں کشمیریوں کی گرفتاری کے خلاف بھی احتجاجی ریکارڈ کرانا ہے۔

خواتین سمیت لوگ نماز جمعہ کے بعد مساجد، درگاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر بھارت مخالف مظاہرے کریں گے۔ آئمہ اور خطیب صاحبان اس موقع پر ایک قرار داد کا مسودہ پیش کریں گے جس کی لوگوں سے منظوری لی جائے گی۔ مسودے میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کیلئے ایک خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔

 لوگ نما زمغرب سے نماز عشاءتک مکمل بلیک آﺅٹ کریں گے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم ، مسلسل پابندیوں اور بیگناہ نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف نعرے بلند کریں گے۔ اتحاد اسلامی جموں وکشمیر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں لوگوںپر زور ددیا ہے کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔

دوسری جانب غیر قانونی طور پر نظر بند دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کے چھوٹے بیٹے احمد بن قاسم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انکی والدہ کو اپنی دو ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت نئی دلی کی تہاڑ جیل  کے سزائیں دینے والے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وارڈ کی حالت انتہائی خوفناک ہے اور یہاں رکھنے جانے والے قیدیوں کا معمول انتہائی سخت ہے۔ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کو بھارتی تحقیقاتی ادارے ’ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی‘ نے 2018میں ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔

جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مختلف عارضوں میں مبتلا آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے۔

Comments are closed.