بلوچستان اورسندھ میں طوفانی بارشوں سے تباہی۔۔ پاک فوج امدادی کارروائیوں میں مصروف

پاکستان میں جاری مون سون کی موسلادھار بارشوں نے سندھ کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تباہی مچادی ہے۔ طوفانی بارشوں سے مستونگ، قلات، نوشکی، جھل مگسی، مچھ اور بولان میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا سامنا ہے۔

بلوچستان کے علاقے بولان سبی شاہراہ کو سیلابی ریلے کے باعث بند کردیا گیا ہے تاہم این ایچ اے کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے کو تمام قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے، سیلابی ریلے کے باعث درجنوں جانور بہہ گئے ہیں جب کہ پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انتظامیہ نے بارشوں کے باعث  پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے جب کہ قدرتی آفات کے بعد پیدا صورتحال سے نمنٹے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں کے لئے امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔

سندھ کے اضلاع دادو اور جھل مگسی میں طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں کے باعث بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ جس کے پاک فوج کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، جھل مگسی اور گنداواہ کے علاقوں میں مختلف آبادیوں کا رابطہ بحال جب کہ کوسٹل ہائی وے جھل مگسی تک کھول دی گئی ہے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں طوفانی بارشوں، سیلابی ریلے کے باعث بھاری نقصان ہوا ہے۔ پاک فوج کی ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ نئی گاج ڈیم کے سیلابی ریلے اور بند ٹوٹنے سے متاثرہ آبادی کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

پاک فوج کی ٹیمیں کشتوں کے ذریعے سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کر رہی ہیں۔ میڈیکل کیمپ کے ذریعے متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ایک ہزار پھنسے افرادکو گرم کھانا فراہم کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جھل مگسی ،گنداواہ کی آبادیوں میں رابطہ بحال کردیا گیا ہے جبکہ پسی پل اور کوسٹل ہائی وے کو  جھل مگسی تک ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ ہندو خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا آپریشن 8 گھنٹے جاری رہا۔

پانی آنے کے باعث این 65 پر بی بی نانی پل اور پنجرہ پل بند ہے۔ بی بی نانی پل کے قریب مین گیس ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچا، بارش اور طغیانی سے کوئٹہ جیکب آباد ،گوادر کراچی اور سبی کوہلو شاہراہیں مختلف مقامات پر بند ہیں۔

Comments are closed.