حکومت پاکستان 5 اگست کے بعد بھارتی اقدامات کا موثر جواب دینے میں ناکام رہی ، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت سے کم کسی چیز پرسمجھوتا نہیں کریں گے ۔
اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف اور دیگر پارٹی عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا ظلم اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے ،مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کے بعد اب کشمیر میں آبادی کا تنا سب تبدیل کرنے کے منصوبے پر عملدر آمد کا آغازکر دیاگیاہے اوربھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کرکے کشمیر کے مختلف علا قوں میں آباد کیا جا رہاہے ۔ حکومت پاکستان بھارتی عزائم کے جواب میں اب تک ٹھوس اقدامات کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے ۔
صدر پیپلز پارٹی نے کہاکہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پانچ اگست 2019 کے فوراً بعد کہا تھا کہ کشمیر کے مسلہ پر حکومت پاکستان کے ہر مثبت اقدام کا غیر مشروط ساتھ دیں گے لیکن حکومت پاکستان جرات مندانہ موقف اختیار کرنے کے بجائے صرف زبانی دعووں اور تقریروں تک محدود ر ہی۔ تحریک انصاف کی حکومت او آئی سی سمیت عالمی طاقتوں کو بھارت کے غیر آئینی اور غیر منصفانہ اقدام کے خلاف قائل نہیں کر سکی جس کا خمیازہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھگت رہے ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا یہ عالم ہے کہ سعودی عرب جیسا پاکستان کا دیرینہ دوست بھی مسلہ کشمیر پر آج ہمارے ساتھ کھڑا نہیں، یہ صورتحال کشمیری عوام کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔
چوہدری لطیف اکبر نے واضح کیا کہ کشمیری عوام پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن کشمیر کے حوالے سے نت نئے فارمولے سمجھ سے بالاتر ہیں ۔کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے اور یہ اختیا رکسی کو دینے کے لیے تیار نہیں۔ ایک سوال پر صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے کہاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کے نئے نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو شامل کرنا دانشمندانہ اقدام نہیں ،کشمیر ایک حل طلب عالمی تنازع ہے ، حکومت پاکستان کے ایسے اقدامات مسلہ کشمیر کو علاقائی تنازع بنانےکے مترادف ہیں۔
صدر پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر نے سابق صدر پاکستان آصف علی زردار ی اور پیپلز رہنماوں کے خلاف نیب کی امتیازی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ۔پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہر دور میں جبر اور ظلم کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ وکیل کی عدم موجودگی میں آصف علی زرداری پر فرد جرم سرا سر نا انصافی ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا لیکن انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت پورا ہونا چاہیے ۔ نیب کو فوری طور پر ختم کر ایک آزاد اور غیر جانبدار ادارہ قائم کیا جائے جو مساوی بنیادوں پر کرپشن الزامات کی تحقیقات کرے۔
Comments are closed.