کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ اعتماد کے قابل نہیں۔ ہم نواز لیگ کو ساتھ ملا کر طاقتور بناتے ہیں اور وہ ڈیل کر لیتے ہیں، اب پھر ن لیگ تحریک انصاف کی بی ٹیم بن گئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کو تاخیر کا شکار کرنے کا ذمہ دار نون لیگ کو قرار دیا ہے۔ اجلاس کے دوران شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا کہ (ن) لیگ اعتماد کے قابل نہیں، ن لیگ پر دیگر قائدین کی تنقید جائز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ ن کو ناقابل اعتماد قرار دیکر خود اے پی سی بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قائدین کی تنقید کے بعد سی ای سی نے پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اے پی سی کے انعقاد کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی اے پی سی میں ن لیگ کو بطور اپوزیشن جماعت مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی خود اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد اے پی سی کی تاریخ طے کرے گی۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگ اے پی سی میں آئے تو ویلکم، نہ آئے تو بھی اے پی سی ہوگی، پیپلز پارٹی کی چاروں صوبوں میں ازسر نو تنظیم سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران سابق صدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ناقابل اعتماد ہے۔ ہم نون لیگ کو ساتھ ملا کی طاقتور بناتے ہیں اور وہ ڈیل کر لیتے ہیں۔ اب پھر ن لیگ ڈیل کر کے تحریک انصاف کی بی ٹیم بن گئی ہے۔
Comments are closed.