اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کیلئے بہت کچھ کرنا ہے، 24 سالہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، جتنا بھی مشکل وقت آئے، عوام کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کی آمد پر کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا، اراکین نے وزیراعظم کو حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کہنا تھا کہ مشکل وقت میں کامیابی حاصل کی، ہماری جدوجہد کا محور ہر کمزور پاکستانی ہے، کمزور طبقے کیلئے سوچنا اصل ایمان ہے، مدینہ کی فلاحی ریاست کے تصور کو عملی شکل دینا چاہتا ہوں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا تعلیمی نصاب میں مدینہ کی فلاحی ریاست کا تصور شامل کریں گے، وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود سے کہا ہے نصاب میں ریاست مدینہ کا تصور شامل کریں، ابتدائی طور پر آٹھویں اور نویں جماعت کیلئے نصاب تیار ہوگا۔
مراد سعید کا کہنا تھا وزیراعظم کی قیادت میں معیشت کو نئی ڈائریکشن مل گئی، وزیراعظم عمران خان عالم اسلام کے نئے لیڈر ہیں۔فیصل واوڈا نے بھاشا ڈیم کی تعمیرشروع ہونے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ شیخ رشید نے ایم ایل ون منصوبے کو بڑی کامیابی قرار دیا۔
معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا غربت میں کمی کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام شروع ہوا۔ اسد عمر نے کہا وزیراعظم کی کامیاب حکمت عملی سے کورونا پر قابو پایا، وزیراعظم کریز پر سیٹل ہوچکے، لمبی اننگز کھیلیں گے۔
Comments are closed.