سلیکٹڈ حکومت، ناکام خارجہ پالیسی:کشمیریوں نے شناخت اورمقدمہ کھو دیا،لطیف اکبر

سردار عمران اعظم

صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی دو سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی،عمران خان نیازی کے دور حکومت میں کشمیریوں نے عالمی سطح پر اپنی شناخت اور مقدمہ کھو دیا،سلیکٹیڈ حکومت نے خطہ کشمیر کو دو لخت کر دیا ہے۔

 راولاکوٹ میں سابق و زیر اطلاعات ونشریات آزادکشمیر سردار عابد حسین عابد اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ تقسیم کشمیر کے بعد تحریک انصاف کی حکومت ، مملکت خدادادپاکستان کو بھی تقسیم کرنے کے در پہ ہے۔ کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

صدر پیپلزپارٹی نے کہاکہ جھوٹے وعدے اور قوم کو سہانے خواب دکھانے والوں نے ملک کو معاشی طور پر مفلوج کر دیا، ٹیکنوکریٹس اور نام نہاد معاشی ماہرین پر مشتمل حکومت نے مل کر دو سال میں قوم کو صرف بے روزگاری اور ریکارڈ مہنگائی کا تحفہ دیا۔ آٹا اور چینی بھی غریب کی پہنچ سےباہر ہو چکی جبکہ ملک سے مڈل کلاس کا وجود ہی ختم کردیا گیا۔پیپلزپارٹی کی جانب سے شائع وائیٹ پیپرنے دو سالہ حکومتی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے ۔

 ایک سوال پر صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ نیب اور نیازی گٹھ جوڑ نے جس پر بھی مقدمے بنائے اس کی شخصیت کو متنازعہ بنایا گیا، لیکن کچھ ثابت نہ ہو سکا۔ موجودہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی رہنماوں کے خلاف ایسے بدترین سیاسی مقدمات بنائے گئے جس کی مثال آمریت میں بھی نہیں ملتی۔

صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر کا کہناتھا کہ ناقص سفارتکاری سے پاکستان کو عالمی سطح پر بھی تنہا کر دیا گیا اور پاکستان کے دیرینہ دوست ممالک سعودی عرب، چین اور ایران بھی ہم سے ناراض ہیں، وفاقی حکومت ہوش کی ناخن لے اور نیب کو استعمال کرتے ہوئے جمہوری قوتوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی ترک کرے۔

Comments are closed.