وفاق اورسندھ نے مل کر کراچی کے3 اہم مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات شروع کردیئے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی کے 3 اہم مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانا شروع کر دئیے ہیں۔

ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری جن حالات اور کرب سے دوچار ہیں اسے پوری قوم محسوس کر رہی ہے، اس تباہی اور تکالیف کے بیچ اب ایک مثبت پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی کے 3 بڑے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ کراچی کے تمام نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی، پانی کی نکاسی میں حائل اور آبی گزر گاہوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، کوڑا کرکٹ اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی جیسے اہم مسئلے کو حل بھی کیا جائے گا۔

Comments are closed.