سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز آج پناما ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئیں، مری سے اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھ کر عدالت پہنچیں۔
وکلاء کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں مریم نواز کے ساتھ تصاویر بنواتی رہی جب کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو بھی کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کا آغاز کیا تو مریم نواز نے اپنے سامنے سے وکیلوں کو ہٹوا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سماعت کرنے والے ججوں کو دیکھنا چاہتی ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل ختم ہونے لگے تو مریم نواز سماعت ملتوی ہونے کا انتظار کیے بغیر کھڑی ہو گئیں جس پر عدالت نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے رکن جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز کو کہا کہ آرام سے بیٹھ جائیں۔
Comments are closed.