میگا منی لانڈرنگ کیس: مرکزی ملزم کی 10 کروڑ روپے بینک گارنٹی پر ضمانت منظور

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکائونٹس کے ملزم انور مجید کی ضمانت منظور کرلی۔عدالت نے ملزم کو 10 کروڑ روپے کی بینک گارنٹی اور پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

عدالت عظمیٰ کے جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے  2 رکنی بینچ نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے میگا اسکینڈل کے مرکزی ملزم کی درخواست پر سماعت کی۔ بینچ نے ریمارکس دیئے کہ نیب کا سیاسی ملزمان سے رویہ دوسرے ملزمان سے الگ ہے۔نیب کا رویہ سیاسی ملزمان سے الگ نہیں ہونا چاہئے۔

نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ ضمانت کا کیس 2رکنی بینچ نہیں سن سکتا جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا کہ دو رکنی بینچ ضمانت کا کیس سن سکتا ہے۔ بیمار شخص کو ضمانت ملنی چاہئے مگر وہ ملک میں رہ کر علاج کرائیں۔

انورمجید کے وکیل منیر اے ملک بولے ضمانت کی درخواست نئی بنیادوں پر دی ہے، آصف زرداری کو ایک کروڑ روپے کے عوض ضمانت دی گئی۔ جسٹس قاضی امین کا کہنا تھا کہ ان کی بات نہ کریں۔ آصف علی زرداری کو چھوڑیں۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا مسترد کر دی۔

سپریم کورٹ نے انورمجید کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو10 کروڑ کی بنک گارنٹی اور پاسپورٹ سپریم کورٹ کے رجسٹرارآفس کے پاس جمع کرنے کی ہدایت کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ انور مجید کا نام ای سی ایل میں رہے گا اور قومی احتساب بیورو کے ساتھ دوران تفتیش تعاون جاری رکھیں گے۔ عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ نیب سے عدم تعاون پر انورمجید کی ضمانت خارج کر دی جائے گی۔

Comments are closed.