کلبھوشن یادیو کو وکیل ملے گایا نہیں ؟حکومتی درخواست پرآج اسلام آبادہائی کورٹ میں اہم سماعت

اسلام  آباد ہائی کورٹ کا  خصوصی لارجربنچ  وزارت   قانون کی  درخواست کی  سماعت کرے گا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے سزا کے خلاف درخواست دائر کرنے سے انکار کیا، کلبھوشن یادیو بھارت کی معاونت کے بغیر پاکستان میں وکیل مقرر نہیں کر سکتا جبکہ بھارت بھی آرڈیننس کے تحت سہولت حاصل کرنے سے گریزاں ہے۔عدالت کلبھوشن یادیو کے لئے حکومتی وکیل مقرر کرنے کا حکم دے تاکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق پاکستان کی ذمہ داری پوری ہو۔

کلبھوشن یادیوکیس کی گزشتہ سماعت پرہائیکورٹ نے لارجر بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔گزشتہ سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن یادیوکے لئے قانونی معاونت اورنمائندہ مقرر کرنے کیلئے دفتر خارجہ کو بھارتی حکومت سے دوبارہ رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کلبھوشن کو بھی مقدمے میں فریق بنایا جائے۔

دوسری جانب وزارت خارجہ کے ذرائع  کا کہنا ہے کہ پاکستانی عدالت میں بھارتی وکیل کسی صورت پیش نہیں ہوسکتا، بھارتی ہائی کمیشن کو کئی بار وکیل مقرر کرنے کے لیے کہا لیکن کوئی جواب نہیں دیاگیا۔

Comments are closed.