اسلام آباد: کورونا وائرس میں نمایاں کمی کے بعد ملک بھر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں تو ختم کر دی گئی ہیں تاہم وفاقی دارالحکومت کی تاریخی فیصل مسجد میں باجماعت نماز ادائیگی پراب بھی پابندی برقرار ہے۔
فیصل مسجد کے انتظامی معاملات دیکھنے والے وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کی جانب سے فیصل مسجد کا مرکزی ہال نہیں کھولا جا رہا، دعوۃ اکیڈمی کی جانب سے تحریری طور پر اطلاع کے باوجود فیصل مسجد کا مرکزی ہال نمازیوں کے لے بند ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جمعۃ المبارک کے روز بھی بدترین انتظامات اور بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا نماز جمعہ کے دوران امام مسجد کا مائیک اور ہال کے دروازے بند رہے، جڑواں شہروں اور دور دراز سے آنے والے سینکڑوں نمازیوں کے اصرار پر ہال کو وقتی طور پر کھولا گیا اور نماز ادائیگی کے فوراً بعد بند کر دیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں مسلسل تیز بارش اور مسجد کا اندرونی ہال بند ہونے کے باعث فیصل مسجد میں باجماعت نماز عصر ادا نہیں ہو سکی، شہریوں کی جانب سے سی ڈی اے کی بے حسی اور بدانتظامی پر سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا اور ارباب اختیار سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed.