اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کی مقبول ترین سیاسی قوت بن چکی ہے، آزاد جموں و کشمیر کے عوام نہایت تیزی سے پاکستان تحریک انصاف کے پرچم تلے متحرک ہورہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی جس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن و جنرل سیکرٹری تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر ماجد خان شریک ہوئے،ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر مفصل بات چیت کی گئی اور مقبولیت، بھرپور سیاسی ساکھ اور عوام سے مضبوط روابط رکھنے والے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کی مقبول ترین سیاسی قوت بن چکی ہے جبکہ ریاست کے عوام نہایت تیزی سے وزیر اعظم عمران خان کا پیغام سینے سے لگاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پرچم تلے متحرک ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں شمولیت کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض سے عوام و سیاسی شخصیات بڑی تعداد میں رابطہ کررہے ہیں تاہم قابل، اہل اور عمدہ سیاسی ساکھ و کردار کے حامل افراد کا پارٹی میں خیر مقدم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطحی اور بااختیار پارلیمانی بورڈ کے ذریعے کامیابی کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کو میدان میں اتار کر واحد اکثریتی جماعت بن کر ابھریں گے اور آزاد جموں و کشمیر میں مضبوط حکومت بنائیں گے جو اہل کشمیر کی فلاح و ترقی کا فریضہ بھی سرانجام دے گی اور اقوام عالم میں انکی آواز بنے گی۔
دوسری جانب یوم دفاع کی مناسبت سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر قوم کے سپوتوں کی شجاعت و جوانمردی کا امین ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اپنے جواں لہو سے وطن کے گرد دفاعی حصار کھینچنے والے جری جوانوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر پاک سرزمین کیخلاف عیار و مکار دشمن کے ناپاک عزائم اور مذموم اہداف کا مستقل ثبوت ہے۔ ان کے مطابق رات کے اندھیرے میں سرحد پھلانگ کر ارض پاک پر اپنے ناپاک قدم رکھنے والا بزدل دشمن جذبہ جہاد اور شوقِ شہادت کے سامنے خاک چاٹنے پر مجبور ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ
6 ستمبر 1965 کو غیر معمولی ہزیمت اٹھانے اور رسوائیاں سمیٹنے والا دشمن آج بھی تاک میں ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑنے سے کلبھوشن جیسے کرداروں کے ذریعے پاکستان میں فساد کے بیج بونے تک ہر حملے اور حربے کا مقصد ایک ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اکھنڈ بھارت اور ہندوتوا جیسے لایعنی تصورات نے سرکارِ ہند کو ذہنی عارضے میں مبتلا کررکھا ہے۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ طاقت کے ناقص زعم میں مبتلا ہندوستان عالمی سلامتی اور علاقائی امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما کے مطابق پاکستان کا دفاع مضبوط اور کسی بھی قسم کی جارحیت کیخلاف اسکی تیاریاں ناقابل تسخیر ہیں جبکہ قوم بھی اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن سے نمٹنے کا سلیقہ جانتی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں سیف اللہ خان نیازی نے ملک و ملت کی سلامتی کی دعا کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
Comments are closed.