موٹروے زیادتی کیس میں بڑی پیشرفت، شریک ملزم وقارالحسن نے خود ہی گرفتاری دے دی

لاہور: موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، مقدمے میں نامزد ملزم وقار الحسن نے خود پولیس کو گرفتاری دے دی۔

خاتون سے زیادتی کے الزام میں نامزد ملزم وقار الحسن نے سی آئی اے ماڈل ٹاؤن میں پیش ہو کر اپنی گرفتاری دی اور اس واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کیا، ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ دیگر مقدمات میں عابد علی ملہی کے ساتھ شریک ملزم رہا ہے لیکن موٹر وے زیادتی کیس سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے وقار الحسن نے پولیس کو بتایا کہ اس کا سالا عباس اس کا فون استعمال کرتا تھا اور وہ ملزم عابد سے رابطے میں تھا، عباس نے میرے ساتھ پولیس کے سامنے پیش ہونے سے انکار کیا لیکن وہ جلد ہی اپنی گرفتاری پیش کرے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام عنی نے گزشتہ روز موٹر وے زیادتی کیس میں ملوث دو ملزمان عابد اور وقارالحسن کی نشاندہی کی تھی اور دونوں ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا

Comments are closed.