آئندہ نون لیگ کا کوئی رکن عسکری قیادت کیساتھ ملاقات نہیں کرے گا،نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے لیگی رہنما محمد زبیر کی آرمی چیف سے خفیہ ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ  نون لیگ کا کوئی رکن عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات نہیں کرے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ ‏حالیہ واقعات سے ایک بار پھر ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح بعض ملاقاتیں 7 پردوں میں چھپی رہتی ہیں اور کس طرح بعض کی تشہیر کرکے انہیں مرضی کے معنی پہنائے جاتے ہیں۔ یہ کھیل اب بند ہوجانا چاہیے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم نے ٹویٹرپیغام میں لکھا کہ آج میں اپنی جماعت کو ہدایات جاری کررہا ہوں کہ آئندہ ہمارا کوئی رہنما اور رکن، انفرادی، جماعتی یا ذاتی سطح پرعسکری اور متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات نہیں کرے گا، قومی دفاع اور آئینی تقاضوں کے لئے ضروری ہوا تو جماعتی قیادت کی منظوری کے ساتھ ایسی ہر ملاقات اعلانیہ ہوگی اور اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد فوج کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ عسکری قیادت کو سیاسی معاملات سے دور رہنا چاہیے اور یہ کہ نواز شریف کے کسی نمائندے نے آرمی چیف سے کوئی ملاقات نہیں کی۔

جس کے بعد پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری باضابطہ بیان میں واضح کیا گیا تھا کہ سابق گورنر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے حال ہی میں دو بار آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں جن میں نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی تاہم عسکری قیادت نے قانونی معاملات عدالتوں اور سیاسی پارلیمنٹ کے فورمز پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Comments are closed.