پاکستان میں جنسی زیادتی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، رحیم یار خان میں 14 سالہ لڑکی کو اغوا کے بعد 7 افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے بعد سڑک پر پھینک کر فرارہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ آباد پور کے علاقے قادر آباد میں 14 سالہ لڑکی کو 7 سے زائد افراد نے 2 روز پہلے گھر کے باہر سے اغواکیا، نشہ آور چیز پلاکر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، درندوں کئی بار مظلوم لڑکی کو ہوس کی بھینٹ چڑھایا جس کے بعد سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے مظلوم لڑکی کو تشویشناک حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کردیا اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے نمونے بھجوادئیے گئے ہیں، لڑکی کے ورثاء نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی کے علاقے کوٹ بھٹہ میں ایسا ہی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں 10 سالہ نورالنساء اپنی خالہ کے ہاں آئی ہوئی تھی اور سبزی لینے کے لئے گھر سے باہر گئی تو ملزم ارشد اس کو ورغلا کر قریبی حویلی لے گیا وہاں اس سے زیادتی کی۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس نے ملزم ارشد کو گرفتارکر کے مقدمہ درج کرلیا جب کہ ڈی ایس پی عامر ملک کا کہنا ہے کہ ملزم کو سخت سزا دلوائی جائے گی، پولیس کے مطابق ملزم کا ڈی این اے رپورٹ کے لئے بھجوا دیا گیا ہے۔
Comments are closed.