وزیراعظم عمران خان نے لندن میں موجود مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لئے وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کو ٹاسک سونپ دیا، حکومت نے نواز شریف کو بحیثیت سزا یافتہ قیدی واپس لانے کیلئے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوا، جس میں معمول کے ایجنڈے کے ساتھ ساتھ ملک کی موجودہ سیاست، امن و امان ، مسلم لیگ نون کی جانب سے حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے بعد پیدا صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے سامنے ڈٹے رہنے کا عزم ظاہر کیا اور انہوں نے اس حوالے سے سینیئر وزراء، معاون و مشیران پر مشتمل کمیٹی قائم کی جس میں فواد چودھری، اسدعمر، شفقت محمود، شیخ رشید، شہزاد اکبر اور ڈاکٹر بابر اعوان شامل ہوں گے، یہ کمیٹی اپوزیشن کی تحریک سمیت تمام سیاسی معاملات کو دیکھے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی نواز شریف کی لندن سے واپسی کے حوالے آئینی اور قانونی امور کا بھی جائزہ لے گی، وزیراعظم نے لیگی قائد کو وطن واپس لانے کا ٹاسک وزارت خارجہ اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا اور ہدایت دی ہے نواز شریف کو واپس لا کر عدالت پیش کیا جائے۔
کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔ اپوزیشن کو احساس ہو چکا ہے کہ این آر او نہیں ملے گا، اس لئے اپنے کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ بعض وفاقی وزرا نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما غلطی تسلیم کرنے کے بجائے اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں وفاقی حکومت نے میاں نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو ایک بار پھر خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بابر اعوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ قیدی، ان کی واپسی کی مضبوط دلیل ہے۔ بیماری ہوتی تو ہسپتال جاتے، وہ تو پچھلے دروازے کی ملاقاتوں کیلئے لندن گئے تھے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کابینہ کو بتایاکہ نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی جنگ کا فیصلہ ہو گیا۔جلد ہی ایکسٹرڈیشن کی کاروائی شروع کریں گے۔چلی کے بھگوڑے اگسٹو پنوشے کو ایکسٹراڈیشن کے ذریعے واپس لایا گیا تھا
Comments are closed.