شادی ہالز میں صرف 2 گھنٹے تقریب ،300 مہمان ہونگے ، نئے کورونا ایس او پیر جاری

اسلام آباد: ددنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق شادی ہالز کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے، جن کے لئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے، خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہو گا۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ شادی ہال میں انڈور 300 اور آؤٹ ڈور 500 افراد کو کسی تقریب میں شرکت کی اجازت ہوگی اور تقریب کا دورانیہ 2 گھنٹے ہوگا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شادی ہالز بھاری جرمانے کے ساتھ مخصوص مدت کیلئے بند کر دیئے جائیں گے۔کورونا کیسز میں کمی پر شادی  ہالز 15 ستمبرکو کھولے گئے تھے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی دوسری لہر کے باعث دنیا کے مختلف علاقوں میں بڑے اجتماعات پر پابندی ہے، کیونکہ بڑے عوامی اجتماعات سے وائرس تیزی کے ساتھ پھیلنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے کورونا کیخلاف اقدامات کے نتائج اور کامیابیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

این سی او سی نے نئی ہیلتھ گائیڈ لائنز میں کہاگیاہے کہ عوامی اجتماعات کورونا وباء میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں، لہٰذا ان  اجتماعات سے ہر ممکن گريز کيا جائے، انتہائی ضروری اجتماعات بھی ايس او پيز کے بغير منعقد نہ  کيے جائيں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے  661 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد  پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 595 ہوگئی۔

دوسری جانب محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے انسپکشن کا عمل جاری ہے، آج جمعہ کے روز کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر اسلام آباد کے پانچ سکولز کو سیل کر دیا گیا۔

Comments are closed.