اپوزیشن جتنے جلسے کرلے قانون توڑا تو سیدھے جیل میں جائیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف لندن میں بیٹھ کر چوری بچانے کی تحریک چلارہے ہیں اور فوج کے خلاف بھارتی ایجنڈا لے کر چل رہے ہیں بیروزگار سیاست دان سمجھتے ہیں کہ وہ اکٹھے سڑکوں پر نکل کر مجھے بلیک میل کر لیں گے، اپوزیشن جتنے جلسے کرلے قانون توڑا تو سیدھے جیل میں جائیں گے۔

اسلام آباد میں آل پاکستان انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان  نے کہاکہ یہ پاکستان کے لیے بڑا اہم وقت ہے، سارے بیروزگار سیاستدان اکٹھے ہوگئے ہیں، پوچھا جائے کہ یہ سارے کیوں اکٹھے ہوئے ہیں، یہ سب اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں کیوں کہ یہ قانون کی بالا دستی نہیں مانتے، یہ کہتے ہیں کہ ہم چوری کریں، ڈاکہ ڈالیں تو کوئی ہمیں ہاتھ نہ لگائے، عدالت 2 سال کے بعد فیصلہ کرتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، یہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتے،یہ فیصلے اس لیے نہیں مانتے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم قانون سے اوپر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ باہر نکل کر عمران خان کو بلیک میل کرلیں گے تو ایسا نہیں ہوسکتا، یہ لوگ کسی اور مقصد کے لیے نکلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود لندن میں بیٹھے ہیں اور کارکنوں سے کہتے ہیں کہ سڑکوں پر نکلو، یہ کارکنوں کو قیمے کے نان بھی کھلادیں تو کارکن نہیں نکلیں گے، نوازشریف لندن میں بیٹھ کر اپنی چوری بچانے کی تحریک چلارہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہر جگہ فوج حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ اگر آج میں پیسے بنانا اور منی لانڈرنگ شروع کردوں تو آئی ایس آئی کو پتہ چلے گا، یہ اقتدار میں سارے اداروں کو قابو میں کرلیتے ہیں، آئی ایس آئی کو قابو کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو لڑائی ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ نواز شریف کی ہر آرمی چیف سے لڑائی ہوتی ہے، یہ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کہا گیا کہ نوازشریف کو اگر کچھ ہوا توآپ ذمہ دار ہوں گے، کابینہ اجلاس میں نواز شریف کی جو بیماریاں بتائی گئیں تو شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آگئے، شیریں مزاری  کے آنسوؤں سے سمجھ سکتے ہیں کہ نواز شریف کی کیا کیا بیماریاں بتائی ہونگی محمد زبیر نواز شریف کو آیت اللہ خمینی سے تشبیہ دے رہے ہیں، کہاں آیت اللہ خمینی  اور کہاں  نواز شریف، آیت اللہ خمینی تو دہی اور روٹی پر گزارا کر لیا کرتے تھے تاہم نواز شریف کے لیے تولاہور سے ہیلی کاپٹر میں نہاری آتی تھی۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف فوج کے خلاف ہندوستان کا ایجنڈا لیکر چل رہے ہیں، پاکستانی فوج کے لیے جو زبان استعمال کررہے ہیں، یہ وہی ایجنڈا ہے جو بھارت کا فیٹف میں ہے، بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کروانے کی پوری کوشش کررہا ہے جب کہ اپوزیشن نے بھی ایف اے ٹی ایف قانون سازی پر بلیک میل کیا۔

Comments are closed.