پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئےنیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ناردرن کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سدرن پنجاب کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے علی عمران اور شاداب خان کے علاوہ کسی بلے باز کو زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے نہ دیا۔
علی عمران نے نصف سینچری اسکورکی جبکہ شاداب خان 48 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے، ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
جواب میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے 58 گیندوں پر ناقابل شکست 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 161 رنز کے تعاقب میں وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف کے ہمراہ 91 رنز کا آغاز فراہم کرکے جیت کی بنیاد رکھ دی ۔
ذیشان اشرف 55 رنز بناکر موسیٰ خان کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، میچ میں شاندار اننگز کھیلنے پر سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود کو مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا۔
Comments are closed.