سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایک اور کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایک اور کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے، احسن اقبال، اعزاز چوہدری سمیت دیگرشخصیات کے خلاف بھی 10 ریفرنسز دائر کیے جائیں گے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اسلام آباد ہوا جس میں نیب کے ڈپٹی چئیرمین، پراسیکیوٹرجنرل اکاؤنٹیبلٹی، ڈی جی آپریشنز  سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں مختلف شخصیات اور اداروں کے خلاف بدعنوانی کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سابق نوازشریف کے خلاف بدعنوانی کا ایک اور ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری، سابق ڈی جی انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم فواد حسن فواد کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق  نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی اور احسن اقبال پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور اسپورٹس سٹی کا اسکوپ 3 کروڑ سے 3 ارب روپے تک بڑھانے کا الزام ہے، نیب نے سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا ،  سابق وزیر اعلی بلوچستان اسلم رئیسانی اور ان کے بھائی لشکری رئیسانی کے خلاف نیب ریفرنسز کی بھی منظوری دی گئی۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے خلاف کرپشن کیس کی تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی جبکہ پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے خلاف کرپشن کیس کی تحقیقات کی منظوری دی گئی جس میں علیم خان کے خلاف ہاوسنگ سوسائٹی فراڈ کیس کی تحقیقات ہوں گی۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کہتے ہیں نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے، مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے جہاں قانون اپنا راستہ خودبنائے گا۔

Comments are closed.