اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف جلد وطن واپس لانے کے لئے پرعزم ہے، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ 15 جنوری تک نوازشریف پاکستانی جیل میں ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جھوٹ مسلم لیگ (ن) کی گھُٹی میں ہے، اس لئے یہ لوگ جھوٹ اور ریاکاری کی سیاست کرتے ہیں، جس دن یہ جھوٹ نہ بولیں ان کا کھانا ہضم نہیں ہوتا، نوازشریف، شاہدخاقان عباسی، راناثنااللہ، احسن اقبال، خواجہ آصف سب نیب زدہ ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات سینیٹرشبلی فراز نے کہا ہے میڈیا چینلز پر کراچی میں ریٹائرڈ کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج نشر ہوئی،اس فوٹیج میں ان کے دعوے کے مطابق ٹوٹا ہوا دروازہ نہیں دکھایا گیا،فوٹیج کے مطابق ریٹائرڈ کیپٹن صفدر اطمینان سے پولیس کی حراست میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کے حواریوں نے متعدد بار چادر اور چاردیواری کے تحفظ کا ذکر کیایہ لوگ بھول گئے کہ انہوں نے اپنے دور میں ماڈل ٹاؤن واقع میں خواتین کیساتھ کیا سلوک کیا ان لوگوں کی جانب سے محترمہ بے نظیر بھٹو کی کردار کشی سے سب واقف ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ جب یہ (ن لیگ) حکومت میں تھے اسی ووٹ کے تقدس کوپامال کیا، اب ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے دورحکومت میں میں نوٹ کو عزت دی،یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے جمہوریت کو کمزور کیا، عمران خان کی حکومت نے ان بنارسی ٹھگوں سے پوری قوم کو چھٹکارا دلایا۔
اپوزیشن قیادت کی جانب سے جنوری میں حکومت کے خاتمے سے متعلق بیانات کے ردعمل میں سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ بڑے ہوشیار لوگ ہیں، جنوری میں حکومت جانے کا کہہ رہے ہیں لیکن سال نہیں بتایا، حکومتی ترجمان نے وثوق کے ساتھ دعویٰ کیا کہ 15 جنوری تک نوازشریف کوٹ لکھپت یا کسی دوسری پاکستانی جیل میں ہونگے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتے ہیں، عمران خان نہیں چھوڑیں گے، قوم کا لوٹا پیسہ واپس لا کر بدعنوان عناصر کو سزا بھی دلوائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان برطانوی حکومت سے رابطے میں ہے اور نواز شریف سمیت دیگر ملزمان کی واپسی کے لئے مختلف آپشنز پر بات چیت چل رہی ہے۔
ملک کی معاشی بہتری کے حوالے سے حکومتی ترجمان نے کہا کہ حکومت معیشت پر توجہ دے رہی ہے، معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے،سیمنٹ کی فروخت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جب کہ ترسیلات میں اضافہ ہواہے۔
ملک کامستقبل روشن ہے یہ ضرور ہے کہ جو خاندان ملک پر حکمرانی کرتے آئے ہیں ان کی سیاست ختم ہوگئی۔مسلم لیگ ن کےکئی حصےہورہےہیں کھینچاتانی ہورہی ہے، یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ اربوں، کھربوں کی جائیدادوں والے غریب کی بات کریں، جھوٹ بولنےوالوں کی باتوں میں نہ وزن ہے نہ عوام بھروسہ کرتی ہے۔
Comments are closed.