دیامیر میں خواتین کوووٹ ڈالنے سے روکنےنہیں دیں گے،15نومبرکوجشن منائیں گے،بلاول بھٹو

دیامیر:چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن صرف الیکشن نہیں بلکہ ایک بہتر مستقبل کا انتخاب ہے۔ 15نومبر کو پی پی پی کے جیالے اور جیالیاں فتح کا جشن منائیں گے۔

پیپلز رہنما اور امیدوار اسمبلی سعدیہ دانش کی رہائش گاہ پر خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کچھ لوگ یہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ خواتین کو دیامیر کے انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے لیکن پیپلزپارٹی کے جیالے اور جیالیاں ان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سعدیہ دانش شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جیالی ہے اور وہ عظیم لیڈر کا وژن لے کر آگے آرہی ہیں۔ شہید بی بی کو تو ہم سے چھین لیا گیا لیکن جی بی کی ہر خاتون شہید بی بی کے نظریے کو لے کر آگے بڑھ رہی ہیں۔

 بلاول بھٹو نے کہاکہ حکومت میں آکر گلگت بلتستان میں غربت کے خاتمے کا پروگرام شروع کیا جائے گا اور خواتین کو آسان قرضے دئیے جائیں گے۔ 15نومبر جی بی کے عوام کے لئے امتحان کا دن ہے ،عوام دیامیر میں سعدیہ دانش کو بڑی تعداد میں ووٹ دے کر کامیاب کروائیں۔

 بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے ادوار میں گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ماضی میں جی بی کو ایک جیالا وزیراعلیٰ دیا، ایک بار پھر جیالے کو وزیراعلیٰ بنائیں گے ۔یہ انتخابات جی بی کے نوجوانوں کے مستقبل کے انتخابات ہیں، عوام اپنے حق حاکمیت اور حق ملکیت اور علیحدہ صوبے کے حق اور پاکستان کے وزیراعظم کو منتخب کرنے کے حق کے لئے ووٹ دیں گے۔ یہ انتخابات شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق جی بی کی خواتین کو بہتر مستقبل کے لئے ہیں۔

Comments are closed.