اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس ایک بار پھر پنجے گاڑھنے لگا ہے، ایک دن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب افراد اس وباء کا شکار ہو گئے جب کہ خطرناک وائرس مزید 20 جانیں نگل گیا۔
عالمی وباء کی دوسری لہر ہر گزرتے دن کے ساتھ خطرناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے، کورونا کیسز کی تعداد جولائی کی سطح پر پہنچ گئی، جب کہ کورونا سے ایک روز میں ہونے والی اموات میں پنجاب سرفہرست، اسلام آباد دوسرے نمبر پر ہے۔ پنجاب میں 9، اسلام آباد 5 اور سندھ میں 3 اموات ہوئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمارکے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 34 ہزار400 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1 ہزار502 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 3 لاکھ41 ہزار753ہوگئی۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کے حوالے سے سندھ 1 لاکھ 48 ہزار922 کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، پنجاب میں 1 لاکھ 6 ہزار208، خیبرپختونخوا میں 40 ہزار285 اور بلوچستان میں 16 ہزار41 افراد وباء سے متاثر ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں خطرناک وائرس نے مزید 20 زندگیوں کے چراغ گل کر دئیے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار943 ہوگئی، ملک میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 16 ہزار912 تک پہنچ گئی، اس وقت اسپتالوں میں 1 ہزار57 مریض زیرعلاج جن میں سے 129 وینٹی لیٹر پر ہیں۔
Comments are closed.